پریس رلیز (05-07-2023)

پریس رلیز (05-07-2023)

اس دور جدید میں جہاں دنیا سائنس و ٹیکنالوجی میں ترقی کے نئے منازل طے کرتے ہوے سمندروں کی گہرائیوں سے لیکر دوسرے فلکیات پر پہنچنے کے تجربے کررہی ہے، جہاں شمسی, آبی اور دیگر قابل تجدید توانائیوں کے استمعال پر غور و فکر ہورہا ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو روکا جاسکے اسکی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ان قوموں میں تعلیمی درسگاہیں مکمل طور پر آزاد ہیں اور یہاں طالب علموں کو ہر طرح کی سہولت دستیاب ہے تاکہ وہ اپنی ساری صلاحیت و ہنر اپنی پیشہ ورانہ میدان میں لگا سکیں، یہی وجہ ہے کہ یہ ترقی یافتہ ممالک دنیا کو بہترین سائنسدان، فلسفہ دان، ڈاکٹرز اور گویا ہر شعبوں کے ماہرین سے فیضیاب کررھے ہیں۔

لیکن جب ہماری نظر دنیا کی قدیم ترین اور شاندار تہذیبوں میں سے ایک ہمارے پیارے سندھ وطن پر پڑتی ہے جو ایک شاندار ماضی کی تاریخ رکھتا ہے جس میں ہم آزاد اور خودمختار فیصلے لیتے تھے مگر آج کے دور میں ہم قومی غلامی کی زنجیروں میں قید ہیں اور ہر طرح کی مصیبت میں گرفتار ہیں جہاں پانی کی بندش، جاگیر درانہ نظام، قومی وسائل پر قبضہ، نو آبادکاری جیسے سنگین مسائل ہم پر مسلط کیے گے ہیں وہیں ہماری تعلیمی درسگاہیں بھی نہیں بخشی گیی ہیں جو کہ کسی بھی آزاد سماج میں سب سے اہم جگہ ہوتی ہیں۔ جہاں سے اس قوم کا مستقبل شعور حاصل کرکے اپنی عملی زندگی میں قدم رکھتا ہے اور قوم و سماج کی باگ ڈور سنبھالتا ہے۔

مگر بدقسمتی سے ہماری تعلیمی درسگاہیں بنیادی سہولتوں سے نہ صرف محروم ہیں جہاں ریسرچ کے نام پر صرف دنیا کو بیوقوف بنایا جاتا ہے، صاف کھانا و پانی کا میسر نہ ہونا، ہوسٹلز پر سیکورٹی فورسز کا قبضہ، آئے روز فیسوں میں اضافہ یہ سب چیزیں تمام تر مہنگائی کے باوجود بھی طلباء کو دیکھنی پڑتی ہیں اور اگر ان مسائل پر شاگرد منظم ہوکر اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھاتے ہیں تو یونیورسٹی انتظامیہ بجائے مسائل سننے اور حل کرنے کے آمرانہ رویہ اختیار کرتی ہے، اور اپنے اختیار میں ہر ممکن طریقے سے طلباء پر حملہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

حالیہ کراچی میں موجود داؤد یونیورسٹی کا واقعہ ہم سب کے سامنے ہے جس میں طلباء کو اپنے حقوق کی جدوجہد کرنے پر نہ صرف یونیورسٹی انتظامیہ نے ہر طریقے سے ڈرانے دھمکانے کے بعد اب متحرک شاگردوں کے داخلے منسوخ کردئیے ہیں۔ جئے سندھ اسٹوڈنٹس فیڈریشن (جساف) اس واقعے کی پرزور مذمت کرتی ہے اور داؤد یونیورسٹی کے طلباء دوستوں کے ساتھ اس کٹھن وقت میں ہم انکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں.

جیئے سندھ اسٹوڈنٹس فیڈریشن مرکز